نئی دہلی (ہمگام نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستانی فضائیہ نے ایک مرتبہ پھر کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کو جنگ کی اب تک کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے چنا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ، پاکستان، ہندوستان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش میں تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔ انھوں نے پریس کانفرنس میں ان حملوں کو ناکام بنائے جانے کی تصاویر بھی جاری کیے۔

ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ، پاکستان نے ملک کے 36 مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ایئر اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی فراغ میں تھا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے کہا کہ پاکستان نے 300 سے 400 ڈرون حملے کیے جسے ناکام بنا دیا گیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکرم مصری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ، پاکستان نے بھارت کے شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے جس سے ایک گرودوارے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستانی سرحد کی خلاف ورزی کی ہے۔

وکرم مصری نے کہا کہ، پاکستان سے کشیدگی کے بیچ بھارت نے امریکہ سے بات کی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت آئی ایم ایف میں اپنا موقف پیش کرے گا۔