موغافیشو (ہمگام نیوز) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک مسافر طیارہ اُڑان بھرنے کے تقریباً پندرہ منٹ بعد تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ طیارہ موغادیشو سے شہر گوریل جا رہا تھا کہ راستے میں مسئلہ پیدا ہونے پر پائلٹ نے واپسی کی کوشش کی، تاہم طیارہ مکمل طور پر قابو میں نہ رہ سکا اور ایئرپورٹ کے قریب ساحلی علاقے میں گر گیا۔
حکام کے مطابق طیارے میں مجموعی طور پر 55 افراد سوار تھے جن میں 50 مسافر اور 5 عملے کے ارکان شامل تھے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔
یہ واقعہ مادن بیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں طیارہ ایئرپورٹ کی دیوار اور سمندر کے کنارے کے درمیان علاقے میں گرا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ فنی خرابی بتائی جا رہی ہے۔
صومالی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ تکنیکی مسئلے کی نوعیت اور حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔














