نیویارک (ھمگام نیوز) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایف میں جاپان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیونس کو 0-4 سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے بعد جاپان نے دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور گروپ میں دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔
گروپ کے ایک اور میچ میں ایکواڈور اور کوراساؤ کے درمیان مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا۔
میچ میں کوراساؤ کے گول کیپر نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور ایکواڈور کے 15 سے زائد خطرناک حملوں کو ناکام بنایا۔ ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی کوراساؤ کی ٹیم نے اس ایونٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا۔
دوسری جانب جرمنی نے آئیوری کوسٹ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ جرمنی نے 2014 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
جرمنی کی جانب سے فیصلہ کن گول انداوو نے انجری ٹائم کے آخری لمحات میں اسکور کیا، جس کی بدولت ٹیم کو نہ صرف تین اہم پوائنٹس حاصل ہوئے بلکہ اگلے مرحلے میں رسائی بھی یقینی ہو گئی۔
گروپ ایف میں ہونے والے ان نتائج کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی ہے، جبکہ جرمنی اپنی جگہ پختہ کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور جاپان نے بھی اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔















