شال ( ہمگام نیوز) بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6382ویں روز جاری رہا۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کیمپ کا دورہ کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

آج آصف بلوچ اور رشید بلوچ کی ہمشیرہ سائرہ بلوچ جبکہ محمود علی لانگو کی والدہ نے کیمپ میں شرکت کرکے اپنے پیاروں کی باحفاظت بازیابی کے لیے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سائرہ بلوچ نے کہا کہ ان کے بھائیوں آصف اور رشید کی جبری گمشدگی کو 8 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، جبکہ ان کے ساتھ گرفتار کیے گئے دیگر افراد بعد میں بازیاب ہوگئے۔ انہوں نے آصف اور رشید کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرکے قانونی حق دیا جائے۔

محمود علی لانگو کی والدہ نے کہا کہ ان کے بیٹے کی جبری گمشدگی کو ڈھائی سال مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے انصاف کے لیے متعلقہ اداروں اور وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ سے رجوع کرتے ہوئے محمود لانگو کی بازیابی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ آصف بلوچ، رشید بلوچ، محمود علی لانگو سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو ان کے پیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرے اور انہیں اس طویل اذیت سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔