Oplus_16908288

زاہدان (ہمگام نیوز) ) اتوار 22 نومبر 2026 کی علی الصبح زاہدان سینٹرل جیل میں ایک بلوچ قیدی کی سزائے موت پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسے پھانسی دے دی گئی۔ مذکورہ قیدی کو تقریباً تین سال قبل ایک اجتماعی جھگڑے کے دوران قتل کے الزام میں قصاص کے تحت سزائے موت سنائی گئی تھی۔

ذرائع کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ پھانسی پانے والے قیدی کی شناخت 24 سالہ محمد اربابی ولد عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے، اور ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر ایرانشہر کے رہائشی تھے۔

مزید ذرائع کے مطابق، تقریباً تین سال قبل ایک اجتماعی جھگڑے کے دوران متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد محمد اربابی پر قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد اربابی خود کو بے گناہ سمجھتے تھے اور اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر فوجی حکام کے پاس گئے تھے، تاہم وہاں انہیں انٹیلی جنس اہلکاروں نے گرفتار کر لیا اور دورانِ حراست محکمہ انٹیلی جنس کے دفتر میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ محمد اربابی کو کچھ عرصہ محکمہ انٹیلی جنس کی تحویل میں رکھنے کے بعد ایرانشہر کی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا، جہاں مناسب طبی سہولیات، ادویات اور علاج معالجے کی عدم دستیابی کے باعث وہ بیمار ہوگئے، تاہم انہیں مطلوبہ طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق، ایرانشہر سینٹرل جیل میں بیمار قیدیوں کے لیے طبی سہولیات اور ادویات کی کمی سے متعلق ذرائع کو متعدد رپورٹس موصول ہونے کے بعد محمد اربابی کو زاہدان سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔ وہاں تقریباً دو سال تک مقدمے کی غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے بعد انہیں قصاص کے تحت سزائے موت سنائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق، جمعہ 20 نومبر 2026 کو انہیں زاہدان سینٹرل جیل کے قرنطینہ وارڈ میں منتقل کیا گیا اور اتوار 22 نومبر 2026 کی علی الصبح اہل خانہ سے آخری ملاقات کا موقع دیے بغیر ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کر

دیا گیا۔