انقرہ (ہمگام نیوز) شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوﺅں کے ساتھ جھڑپ کے دوران پانچ ترک فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ کی وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ واقعہ عراق ترکیہ سرحد کے قریب کرد ریجن زاب میں پیش آیا، جہاں ترکی سرحد پار فوجی آپریشن (کلاؤلاک) کررہا ہے۔
انقرہ کا کہنا ہے کہ کردستان ورکرز پارٹی کو ترکیہ میں حملے کرنے کے لیے عراق کو اڈے کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کے لیے یہ فوجی آپریشن کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ ترک فوج کے پانچ اہلکار کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوﺅں کی جانب سے فائرنگ میں اس وقت مارے گئے جب وہ تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے تھے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ زاب ریجن میں کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوﺅں نے متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر قلعہ بندی کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود تمام علاقے سے تخریب کاروں کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔















