زاہدان ( ھمگام نیوز) 10 جون کو تین بھارتی ملاح ہلاک ہونے کے بعد بحر بلوچ اور آبنائے ہرمز میں بھارتی جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت نے امریکی ناظم الامور جیسن میکس کو طلب کیا اور چار روز کے دوران تیسرے حملے کے بعد تشویش کا اظہار کیا۔ اسی دوران ’ایم وی جال ویر‘ نامی جہاز پر بھی حملہ ہوا جس کے 20 بھارتی ملاح سوار تھے۔
مزید رپورٹ کے مطابق بحر بلوچ اور آبنائے ہرمز کے اطراف تجارتی جہازوں پر حملوں کے بڑھتے واقعات کے بعد بھارت نے نئی دہلی میں امریکی ناظم الامور جیسن میکس کو دوسری بار طلب کرلیا ہے۔
10 جون کو حملے میں تین بھارتی ملاحوں کی ہلاکت کے بعد جمعرات کی رات ایک اور جہاز پر حملہ ہوا، جس پر بھارتی عملہ سوار تھا۔ بھارتی ٹی وی انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارت نے جمعے کو امریکی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا اور بحر بلوچ سمیت خلیجی پانیوں میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صرف چار روز کے دوران بھارتی عملے کے حامل تین مختلف تجارتی جہاز حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا، جب ’ایم وی جال ویر‘ نامی ٹینکر پر عمان کی شیناس بندرگاہ کے قریب حملہ کیا گیا۔ گنی بساو کے پرچم تلے چلنے والے اس جہاز کے عملے میں 20 بھارتی شامل تھے۔















