ہیلسنکی (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ فن لینڈ برانچ کے رکن احسن طارق کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور انہیں بلوچ قومی کاز سے غیرمتزلزل وابستگی اور بیرونِ ملک آزادی کے کاروان کے ایک مخلص اور فعال ساتھی ہونے پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
فری بلوچستان موومنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بلوچستان میں بلوچ قوم کے خلاف پاکستانی ریاست کی جانب سے روا رکھے جانے والے مظالم میں دیگر سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ 1998 میں کیے گئے ایٹمی دھماکے بھی شامل ہیں، جو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم تھے۔ ان ایٹمی تجربات کے تباہ کن اثرات آج بھی واضح ہیں، جن کے باعث بلوچ نوجوان بڑی تیزی اور تسلسل کے ساتھ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال ایک منظم قومی نسل کشی کی عکاسی کرتی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی اور ایرانی قابض ریاستیں بلوچ قوم کو صرف بندوق اور بارود کے ذریعے ہی نہیں بلکہ دیگر منظم مگر غیرمحسوس طریقوں سے بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔
فری بلوچستان موومنٹ مرحوم احسن طارق کو ان کی قومی مقصد سے وابستگی، جدوجہد اور خدمات کے اعتراف میں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔















