شال: (ہمگام نیوز) بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان آزاد بلوچ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ 8 مارچ بروز اتوار کو (شال) کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ، بورڈ آفس کے قریب سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر میٹھا خان کو بی ایل اے کے سرمچاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ اہلکار اس وقت نشانہ بنا جب وہ مبینہ طور پر آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس سے احکامات لینے کے بعد اپنے گھر جا رہا تھا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی کے بعد بی ایل اے کے سرمچار محفوظ طریقے سے اپنے متعلقہ مقامات پر پہنچ گئے۔ آزاد بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان بھر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بلوچ سیاسی کارکنان کو مبینہ جعلی مقابلوں میں مارنے میں ملوث رہی ہے، اس لیے اس سے منسلک اہلکار تنظیم کے نشانے پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی نے اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی سے منسلک مقامی اہلکاروں کو خبردار کیا تھا کہ وہ بلوچ قومی تحریک کے خلاف ریاستی فورسز کا آلہ کار بننے سے گریز کریں، تاہم تنبیہ کے باوجود بعض اہلکار ریاست کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی بلوچستان کی آزادی کے حصول تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔














