خاران (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے خاران سے منسلک یکمچھ سی پیک روڈ پر مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ کو بلاک کرکے ناکہ بندی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران مرکزی شاہراہ پر گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی تاہم خصوصی طور پر معدنیات لے جانے والے ٹرکوں اور ٹرالروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے معدنیات سے لدے ایک ٹرک پر فائرنگ کے بعد اسے نذرآتش کردیا، جس کے نتیجے میں ٹرک مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا۔ مذکورہ شاہراہ سی پیک کا ایک اہم لنک روڈ ہے جو دالبندین، یکمچھ اور دیگر منسلک علاقوں کو کراچی سے جوڑتا ہے۔ اس روٹ پر اس سے قبل بھی معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر متعدد حملے ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داریاں بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے قبول کی جاچکی ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسی مقام کے قریب بلوچ سرمچاروں نے پاکستانی فوج کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے 15 اہلکار ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے قبول کی تھی۔
تاحال آج پیش آنے والے واقعے کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔















