کراچی: (ہمگام نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری ماہانہ آگاہی مہم کے سلسلے میں کراچی میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور تنظیم کی قیادت کی حراست کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔

تنظیم کے مطابق سیمینار ایسے وقت میں منعقد کیا گیا جب بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں اور اظہارِ رائے پر پابندیوں سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی آواز کو اجاگر کرنا اور انسانی حقوق کے مسائل پر عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔

تقریب کے دوران شرکاء نے کہا کہ بی وائی سی کی قیادت کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے جبکہ خطے میں سیاسی آزادیوں کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔

سیمینار میں جبری گمشدگیوں سے متاثرہ خاندانوں کو درپیش مسائل اور ان کے سماجی و نفسیاتی اثرات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

مقررین نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبرگ بلوچ، شاہ جی، گلزادی بلوچ اور بیبو بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں کی طویل حراست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے مطالبہ کیا کہ زیر حراست رہنماؤں کو رہا کیا جائے اور بلوچستان میں سیاسی و جمہوری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔