کویت سٹی(ھمگام نیوز ) کویت کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ایک حملے میں ملک کے شمالی علاقے میں واقع ایک چینی کمپنی کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک کارکن ہلاک جبکہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حملے کے فوراً بعد متعلقہ سرکاری اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں نے ہنگامی کارروائیاں شروع کر دیں اور متاثرہ مقام کو گھیرے میں لے کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔

کویتی حکام نے بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت یا قومیت کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ زخمیوں یا اضافی نقصانات سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

وزارتِ دفاع نے کہا کہ ملکی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور کویت کی خودمختاری، سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں سے گریز کریں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں مختلف ممالک میں فوجی تنصیبات، توانائی کے مراکز اور تجارتی راستوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے علاقائی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

سیاسی اور دفاعی مبصرین کے مطابق کویت میں یہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ موجودہ تنازع کے اثرات خلیجی ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔