برلن (ہمگام نیوز) جرمنی میں فری بلوچستان موومنٹ کی برانچ کے زیرِ اہتمام 12 دسمبر 2026 کو جرمنی کے شہر ہنوور میں ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس میں بلوچستان میں ایران اور پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی توجہ اس سنگین صورتحال کی جانب مبذول کرانے کے لیے گفتگو کی جائے گی۔
سیمینار کا عنوان
’’بلوچستان: انسانی حقوق کا فراموش کردہ بحران‘‘
رکھا گیا ہے، جس میں جبری گمشدگیوں، غیر قانونی حراست، تشدد، ماورائے عدالت قتل، سزائے موت، امتیازی سلوک اور شہری آزادیوں پر عائد پابندیوں سمیت مختلف انسانی حقوق کے مسائل زیرِ بحث آئیں گے۔
اس موقع پر متاثرین کے تجربات بیان کرنے کے علاوہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی سطح پر جوابدہی اور احتساب کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق سیمینار کا مقصد بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور عالمی اداروں کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی جانب متوجہ کرنا ہے۔
سیمینار کی تفصیلات:
تاریخ، ہفتہ، 12 دسمبر 2026
وقت: دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک
مقام:
Hermann-Bahlsen-Allee 8، D-30655 Hannover، جرمنی
منتظمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ہر انسان کے لیے سچائی، وقار اور انصاف کا تحفظ ضروری ہے۔















