اورماڑہ (ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق بلوچ نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے خلاف اورماڑہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر ریلی نکالی گئی۔ طلبا و طالبات سمیت تمام سیاسی پارٹیوں اور عوامی ہجوم کے ساتھ ریلی فٹبال چوک سے شروع ہو کر شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے فٹبال چوک کے مقام پر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔
مظاہرے میں فہیم ناصر، بلال بلوچ، مہیم عطا، قمبر سلیم اور عمر جان بلوچ جبکہ خواتین میں سے وحیدہ بلوچ، حیبہ بلوچ، نسرین بلوچ اور الماس سلیم نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے پچھلے پچاس دنوں سے زائد عرصہ سے جاری بلوچ یکجہتی تحریک کے تیسرے مرحلے میں ملک بھر میں احتجاجی سلسلے جاری ہیں۔