شنبه, آوریل 27, 2024
Homeخبریںتارکینِ وطن کا بحران، یورپی یونین کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

تارکینِ وطن کا بحران، یورپی یونین کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

برلن (ہمگام نیوز)تارکینِ وطن کو روکنے کے لیے ہنگری کی حکومت نے سربیا کے ساتھ واقع اپنی 175 کلومیٹر طویل سرحد پر باڑھ لگانے کا عمل شروع کردیا ہے۔
جرمن چانسلر اینگلا مرخیل نے یورپی یونین کے دیگر رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ تارکینِ وطن سے متعلق اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور ان کی میزبانی کے لیے آگے آئیں۔
یورپ کی تین بڑی طاقتوں جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ہزاروں کی تعداد میں تارکینِ وطن کی آمد اور ان کی آباد کاری پر غور کے لیے یورپی یونین کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔تینوں ملکوں کے وزرائے داخلہ کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے ایک مشترکہ بیان میں یورپ کے 28 ملکوں کی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تارکینِ وطن کی بڑی تعداد میں آمد کی باعث پیدا ہونے والے بحران پر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرے۔تینوں ملکوں کے وزرائے داخلہ نے اپنے بیان میں تارکینِ وطن کے یورپ میں غیر قانونی داخلے کی حوصلہ شکنی کے لیے ان کی آمد کے راستے مخصوص کرنے اور وہاں ان کے اندراج کا طریقہ کار وضع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔بیان میں تجویز دی گئی ہے کہ تارکینِ وطن کی رجسٹریشن کے لیے سالِ رواں کے اختتام تک یونان اور اٹلی میں مراکز قائم کیے جائیں جہاں غیر قانونی راستوں سے یورپ پہنچنے والے افراد کی مکمل معلومات کا اندراج کیا جاسکے۔
تینوں ملکوں کے وزرائے داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی مراکز میں مکمل معلومات کے اندراج کے نتیجے میں ایسے تارکینِ وطن کے تعین میں مدد ملے گی جنہیں تحفظ اور پناہ کی واقعی ضرورت ہو۔

خیال رہے کہ ایشیا، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے خانہ جنگی کا شکار اور جنگ زدہ ملکوں سے آنے والے بیشتر پناہ گزین انہی دو ملکوں – یونان اور اٹلی – کے راستے یورپ میں داخل ہوتے ہیں۔

جرمن چانسلر اینگلا مرخیل نے بھی یورپی یونین کے دیگر رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ تارکینِ وطن سے متعلق اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور ان کی میزبانی کے لیے آگے آئیں

یہ بھی پڑھیں

فیچرز