جمعه, آوریل 26, 2024
Homeخبریںٹیکساس:چرچ پر فائرنگ سے 27 افراد ہلاک۔

ٹیکساس:چرچ پر فائرنگ سے 27 افراد ہلاک۔

ٹیکساس(ہمگام نیوز)امریکی ریاست ٹیکساس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک چرچ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ولسن کاؤنٹی میں سدرلینڈ سپرنگز کے فرسٹ بیپٹسٹ چرچ میں فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہاں اتوار کے روز کی عبادات کی جا رہی تھیں۔ جائے وقوعہ پر موجود پولیس کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں اب تک 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سان اینٹونیو ایف بی آئی برانچ کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکار تعینات تھے تاہم مسلح شخص کی جانب سے اس قسم کے حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔ مسلح حملہ آور جو کہ اطلاعات کے مطابق مارا جا چکا ہے نے مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے چرچ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ پولیس ترجمان نے سی این این کو بتایا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کو پولیس نے ہلاک کیا یا اس نے خود اپنی جان لی۔ ایف بی آئی نے مزید کہا کہ اب تک صرف ایک ہی شوٹر کی اطلاعات ملی ہیں تاہم وہ مزید ممکنات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تازہ تصاویر اور ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ کے ایس اے ٹی 12 کے نامہ نگار میکس میسی نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے کئی ہیلی کاپٹر پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز