منگل, مئی 21, 2024
ہومخبریںامریکی دھمکی کے باوجود ایران نے میزائیل تجربہ کیا۔

امریکی دھمکی کے باوجود ایران نے میزائیل تجربہ کیا۔

تہران(ہمگام نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی کے جواب میں ایران نے دو ہزار کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ میزائل تجربہ کامیاب رہا ہے لیکن یہ تجربہ کب کیا گیا اسے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے خرمشہر بیلسٹک میزائل کے تجربے کے مناظر سرکاری ٹی وی پر دکھائے گئے۔ جمعے کو ہونے والی عسکری پریڈ میں اس کی نمائش بھی کی گئی تھی۔ گو کہ اس میزائل کو جنوری میں تیار کر لیا گیا تھا لیکن اس کا تجربہ اب کیا گیا ہے۔ ایران کی جانب سے یہ میزائل تجربہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران کے میزائل پروگرام پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کر دیں گے۔ امریکی صدر کے بیان کے بعد ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ ایران کو حق ہے کہ وہ دفاعی مقاصد کے لیے میزائل پروگرام کو فروغ دے۔ یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد امریکہ نے اُس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے میزائل کا تجربہ سنہ 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اُس کے میزائل پروگرام کی وجہ سے وہ جوہری معاہدہ ختم کر دیں گے کیونکہ میزائل پروگرام کے ذریعے ایران جوہری ہتھیار لے جانے کی معلومات حاصل کر رہا ہے تاکہ جوہری معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ اس پر عمل کر سکے۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سنہ 2015 میں طے پانا والے جوہری معاہدے کے تحت ایران 2025 تک اپنا جوہری پروگرام منجمد کرنے پر متفق ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز