ہفتہ, مئی 18, 2024
ہومخبریںڈاکٹر منان بلوچ کا آسٹریلیا میں کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب

ڈاکٹر منان بلوچ کا آسٹریلیا میں کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب

 کوئٹہ (ہمگام نیوز) پاکستان چین دوستی اوراب پاکستان چین اقتصادی راہداری بلوچ نسل کشی میں تیزی اور خطے میں حالات میں مزید بگاڑ کا سبب بن رہی ہیں۔ اب چین کی امداد پاکستان کو مزید توانا کرکے نہ صرف بلوچ بلکہ پوری دنیاکیلئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ افغانستان و پاکستان میں اربوں ڈالر خرچ کرکے انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے نتائج صفر حاصل کئے گئے کیونکہ یورپ و امریکی اتحادیوں کی مدد کی وجہ سے اس کا منبع پاکستا ن بدستور صحت مند ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ یورپ اپنی حکمت عملی تبدیل کرکے افغانستان سمیت اس خطے کو پر امن بنانے کیلئے بلوچ قومی جہد کا ساتھ دیکر آزاد بلوچستان کی حصول میں ہمارے موقف کی تائید کرے۔چین اپنے سامراجی و توسیع پسندانہ عزائم کے ساتھ پاکستان کے ساتھ مل کر بلوچ سرزمین و وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔یہ بات بلوچ نیشنل موومنٹ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر منان بلوچ نے آسٹریلیا زون کے کارکنوں کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب میں کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جس درندگی کا مظاہرہ ہورہا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلوچستان میں جاری آپریشنوں میں فضائی بمباری اور زمینی طاقت سے ہزاروں گھروں کو مسمار کرکے مکینوں کو بے گھر کیا گیا ہے۔ اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے بلوچستان کو میڈیا کیلئے نو گو ایریا بنایا گیا ہے۔بلوچ جہد آزادی کو کچلنے کیلئے تمام عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھ کر طاقت کا بھر پور استعمال کیا جارہا ہے۔ جبکہ بلوچ اقوام متحدہ و عالمی قوانین کے مطابق اپنی جد وجہد کوآگے بڑھا رہے ہیں تو اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ذمہ داروں کو جنگی جرائم ، بلوچ نسل کشی و قتل عام کی پاداش میں قانون کے کٹہرے میں لائے۔ اجلاس میں بی این ایم آسٹریلیا زون کا قیام عمل میں لایا گیا اور ایک پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کے مطابق میر بلوچ آرگنائزراور محمد بلوچ ڈپٹی آرگنائزر منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر منان بلوچ نے زونل آرگنائزنگ کمیٹی اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آسٹریلین دانشوروں و سیاست دانوں سے رابطہ کرکے بلوچ قومی آزادی اور بلوچستان میں ہونے والی مظالم کو آشکار کرنے کیلئے جد وجہد کریں ۔ اس کے علاوہ دیگر مظلوم قوموں کے ساتھ مشترکہ جدو جہد کیلئے بھی کوششیں تیز کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز