بدھ, مئی 22, 2024
ہومخبریںداعش کے سربراہ البغدادی کا نیا آڈیو پیغام جاری

داعش کے سربراہ البغدادی کا نیا آڈیو پیغام جاری

بیروت/ دمشق(ہمگام نیوز )شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا نیا آڈیو پیغام جاری کردیا گیا جس میں دعویٰ کیا کہ خلافت ٹھیک کام کر رہی ہے ، روس اور امریکی قیادت والے اتحاد کے فضائی حملے گروپ کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 24 منٹ کے آڈیو پیغام میں ابوبکر البغدادی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے فضائی حملوں نے ان کے گروپ کے عزم اور استقلال کو مزید تقویت بخشی ہے۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے اس 24 منٹ کے پیغام کے مستند ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ اسی اکاؤنٹ پر ماضی میں بھی داعش کے بیانات پوسٹ ہوتے رہے ہیں۔ پیغام میں داعش کے خلاف لڑنے کے لیے مسلمان ملکوں کا اتحاد تشکیل دینے کی سعودی عرب کی کوششوں پر تنقید کی گئی ہے۔ پیغام کے مطابق، اگر یہ اسلامی اتحاد ہے، تو اِسے اپنے یہودی اور صلیبی جنگوں کے آقاؤں سے آزادی کا اعلان کرنا چاہیے تھا اور یہودیوں کی ہلاکت اور فلسطین کی آزادی کو اپنا ہدف بنانا چاہیے تھا۔ پیغام دینے والے نے سعودی عرب میں بغاوت بلند کرنے پر زور دیا ہے اور اسرائیل کے خلاف حملے کا عہد کیا ہے۔ انھوں نے سعودی شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بدعتی ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور شام، عراق اور یمن میں اپنے لوگوں کا بدلہ چکائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بغدادی نے مئی میں انٹرنیٹ پر اپنا آخری عام پیغام بھیجا تھا۔ کئی بار یہ خبر بھی آتی رہی ہے کہ وہ لڑائی میں زخمی یا ہلاک ہوگئے ہیں لیکن بظاہر یہ بات درست نہیں لگتی۔ انھوں نے دہشت گردی کے خلاف سعودیہ کے زیر قیادت اسلامی اتحاد کا مضحکہ خیز قرار دیا اور اسرائیل کو تنبیہ کی کہ ہم ہر گزرتے دن کے ساتھ تم سے قریب تر ہوتے جارہے ہیں، جو منہ چھپانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز