جمعه, می 17, 2024
Homeخبریںفری بلوچستان موومنٹ کا اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر کے سامنے مظاہرہ

فری بلوچستان موومنٹ کا اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر کے سامنے مظاہرہ

نیو یارک (ہمگام نیوز) اقوام متحدہ کی اکہترویں (71) جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران 13 ستمبر 2016 کو “فری بلوچستان موومنٹ” کے زیر اہتمام نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کا مقصد بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں و پامالیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ اور عالمی برادری کو بلوچ قوم پر پاکستانی جبروبربریت، بلوچ سیاسی کارکنوں کو جبری طور پہ اغواء کرکے لاپتہ کرنے، بلوچستان کے طول و عرض میں ان سیاسی کارکنوں کی تشدد زدہ مسخ لاشیں پھینکنے، بلوچستان میں لوگوں کو شہید کرکے ان کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفنانے، بلوچ خواتین، بچوں اور بوڑھے افراد کو گرفتار و اغواء کرنے اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بمباری کرنے سے متعلق آگاہی دینا تھا۔اس احتجاجی مظاہرے میں مختلف شہروں سے طویل سفر طے کرکے بلوچ سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔ سیاسی کارکنوں کے علاوہ انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بھی احتجاج میں شریک کی۔ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 193 ممالک کے سربراہان اور مندوبین نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ “فری بلوچستان موومنٹ” کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی بلوچستان پر جبری قبضہ گیریت اور بلوچ قوم پر جبر و استبداد کے خلاف ان احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ فری بلوچستان موومنٹ کے سربراہ حیربیارمری کی اس سلسلے میں جولائی میں اعلان کے فوری بعد شروع ہوا تھا۔ اس سلسلے میں قبل ازیں جرمنی میں “فری بلوچستان موومنٹ” کے پلیٹ فارم سے لانگ مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ اور کارکنوں نے ڈوسل ڈروف سے برلن تک پیدل مارچ کرنے کے ساتھ لوگوں کو بلوچ قومی تحریک آزادی سے متعلق آگاہی دی۔ اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو لوگوں کے سامنے اجاگر کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 1947 میں اقوام متحدہ کی رکنیت حاصل کی تھی۔ لیکن باوجود اس کے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 مارچ 1948 کو بلوچستان پر جبری طور پہ قبضہ کر لیا تھا۔ اور آج تک بلوچستان پر قابض ہے۔ ساتھ ہی بلوچ عوام پر ظلم و ستم کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس احتجاجی مظاہرے میں کارکنوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے متعلق نعرے درج تھے۔ اس کارکنوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز