ہفتہ, مئی 18, 2024
ہومخبریںپاکستان کے ساتھ رابطے کا کوئی ارادہ نہیں، بھارت

پاکستان کے ساتھ رابطے کا کوئی ارادہ نہیں، بھارت

نئی دہلی(ہمگام نیوز)  ہندوستانی وزیرخارجہ ششما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان کے حوالے سے نہ تو دہلی کی پالیسی میں اچانک کوئی تبدیلی کی جارہی ہے اور نہ ہی اسلام آباد کے ساتھ مستقبل قریب میں رابطے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے ایک نیوز کانفرنس کوبتایا کہ پاکستان تین شرائط پر عمل کرکے صورتحال میں بہتر تبدیلی پیدا کرسکتا ہے۔

ششما سوراج نے کہا کہ جب گزشتہ سال نواز شریف یہاں آئے تھے تو دونوں ملکوں نے تین اصولوں پر مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ تین اصول شملہ اور لاہور اعلامیہ کا بھی حصہ تھے۔

انہوں نے کہا ’’سب سے پہلے تو ہم ہر ایک مسئلے کو پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے تیار ہیں، دوسرے یہ مذاکرات دونوں ملکوں یعنی ہمارے اور پاکستان کے درمیان ہوں گے۔ نہ تو کوئی تیسرا ملک ثالثی کرے گا نہ کوئی تیسرا فریق ہوگا۔ تیسرے یہ کہ دہشت گردی اور تشدد کو دور رکھنے کے لیے ہم آہنگی کی فضا پیدا کی جانی چاہیے۔‘‘

ہندوستانی وزیرخارجہ نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ ’’یہ فیصلہ ہم آج نہیں کررہے ہیں، ہم نے پاکستان کو متعدد مرتبہ بتایا ہے کہ مذاکرات ان تین اصولوں کی بنیاد پر ہی منعقد ہوسکتے ہیں۔‘‘

انہوں نے یاد دلایا کہ ان تینوں اصولوں پر دونوں ملکوں نے شملہ اور لاہور اعلامیوں میں اتفاق کیا تھا۔

ششما سوراج سے پوچھا گیا کہ کیا مستقبل قریب میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کسی قسم کی ملاقاتوں کا امکان موجود ہے، پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ کوئی مذاکرات طے نہیں کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب اگر (ممبئی دہشت گرد حملے کا ملزم ذکی الرحمان) لکھوی باہر ہے اور اس کو رہا کردیا ہے، اور اگر پاکستان یہ سوچتا ہے کہ یہ ہم آہنگی کی فضا ہے، تو کیا ہندوستان اس کو قبول کرلے گا؟‘‘

ششما سوراج نے کہا ’’ہماری پالیسی میں اچانک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جب نواز شریف نریندرا مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے یہاں آئے تھے تو ہم نے تین اصولوں پر مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔ تب سے اب تک ہم ان تین اصولوں کی پیروی کررہے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں

فیچرز