مستونگ: (ہمگام نیوز) مستونگ کے علاقے کلی کاریز سور میں چاند رات کے موقع پر ایک گھر پر چھاپے کے دوران نوجوان محمد عامر کے قتل کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس پر اہل خانہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق رات گئے سیکیورٹی اہلکار گھر میں داخل ہوئے اور محمد عامر ولد دل مراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، جس کے بعد انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران نہ کوئی وارنٹ پیش کیا گیا اور نہ ہی کسی قانونی طریقہ کار کو اختیار کیا گیا۔
مقتول کی والدہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ان کی زندگی کا سہارا تھا جسے ایک ہی لمحے میں ان سے چھین لیا گیا۔ ان کے مطابق وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور ایسے واقعات سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد لاش کو کئی گھنٹوں تک اپنے پاس رکھنے کے بعد واپس کیا گیا، جبکہ اس دوران ان سے ایک دستاویز پر دستخط بھی لیے گئے جس کی تفصیلات انہیں فراہم نہیں کی گئیں۔















