یکشنبه, آوریل 28, 2024
Homeخبریںسرگودھا یونیورسٹی سے بلوچ طالب علم خداداد سراج کو اغوا کرنا اور...

سرگودھا یونیورسٹی سے بلوچ طالب علم خداداد سراج کو اغوا کرنا اور اُنکے حق میں نکلنے والے بلوچ طلباء کے پُرامن احتجاج پے لاٹھی چارج کرنا تشویش ناک عمل ہے۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ

 شال: (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ مذمتی  بیان میں سرگودھا  سے بلوچ طالب علم کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچ طالب علموں کو تعلیم سے دور رکھنے کے لئے ریاست کی ایک بنی بنائی پالیسی ہے۔ خدادا سراج بلوچ  سرگودھا میڈیکل کالج میں پیتھولوجی لیب سائنسز کا طالبعلم ہے اور اُن کا تعلق بلوچستان کے شہر تُربت تجابان سے ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جو بلوچ طلباء کے حوالے سے نہ صرف ریاست کے تعصبانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے، بلکہ بلوچ طلبا کے لئے تعلیم کے راستے بند کرنے کے مترادف ہے۔ بلوچ طلباء کے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں، آئے روز بلوچ طلباء کو یونیورسٹی کیمپسز کے اندر سے اغوا کیا جاتا ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلباء کی پروفائلنگ اور ہراسمنٹ بلوچ طلباء کو تعلیم سے دور رکھنے کیلئے ریاست کی نئی پالیسی ہے۔ اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں رہائش کرنے والے طلباء کے ڈیٹا اور ڈیٹیل کے نام پر کبھی انتظامیہ تو کبھی غیر متعلق افراد کی طرف سے بلوچ طلباء کو مسلسل تنگ کیا گیا ہے۔

اسی تسلسل کے مطابق خدادا سراج بلوچ کو ماورائے عدالت جبری طور پر لاپتہ کیا گیا جس کے خلاف جامعہ میں زیر تعلیم طالبعلموں نے کل احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طالبعلموں کی ماورائے عدالت جبری گمشدگی ایک غیر آئینی اور غیر قانونی عمل ہے لیکن اس عمل میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بلوچ طالبعلموں کی جانب سے ایسے غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کے خلاف سرگودھا یونیورسٹی میں جاری احتجاجی مظاہرے پر بھی لاٹھی چارج کیا
گیا۔ اور طالبعلموں پر تشدد کیا گیا جو کہ نہایت ہی تشویشناک ہے۔

انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ حالیہ دنوں میں پنجاب کے مختلف تعلیم اداروں میں بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنے اور پنجاب کے مُختلف تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بلوچ طلبہ کی جبری گُمشدگی ایک سوالیہ نشان ہے۔ طلباء کو اغوا کرنا بلوچ قوم و بلوچ طلباء کے ساتھ اجتمائی زیادتی ہے جو کہ ایک خوف و ہراس کے ماحول کو جنم دیتا ہے۔ہم مقتدر قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ خدادا سراج بلوچ کو جلد از جلد باحفاظت بازیاب کیا جائے اور جامعہ انتظامیہ کا ایسے کیس میں ملوث ہونے پر انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لی جائے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز