اتوار, مئی 19, 2024
ہومخبریںنائجیریا : بوکوحرام کا گاؤں پر حملہ , 34 افراد قتل

نائجیریا : بوکوحرام کا گاؤں پر حملہ , 34 افراد قتل

میدغوری (ہمگام نیوز)نائجیریا میں شدت پسند تنظیم بوکوحرام نے گاؤں پر حملہ کر کے 34 افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا، درجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔جنگجوؤں نے لوٹ مار کے بعد گھروں کو آگ لگا دی، بے بس دیہاتی نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق بوکوحرام جنگجوؤں نے ریاست بورنو کے ایک گاؤں پر حملہ کیا۔ جنگجو موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر سوار تھے اور انہوں نے آتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 34 افراد موقع پر ہی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔ حملے میں بچ جانے والوں نے بتایا کہ جو لوگ تیز نہیں بھاگ سکتے تھے جنگجوؤں نے انہیں قریب جا کر گولیاں ماریں۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حملہ آوروں نے گھروں میں لوٹ مار کی اور کھانے پینے کی اشیا کو اکٹھا کر کے اپنے ساتھ لے گئے جبکہ گھروں کو آگ لگا دی۔ دیہاتی جانیں بچانے کیلئے قریبی قصبے کی جانب جا رہے ہیں کیونکہ اس بات کا خدشہ ہے کہ جنگجو دوبارہ بھی حملہ کریں گے کیونکہ وہ ایک ہی گاؤں یا قصبے پر مختصر سے وقفے کے بعد دوبارہ حملہ کرتے ہیں۔دو روز قبل نائجیریا کے طیاروں نے سامی بیسا کے جنگلات میں بوکوحرام کے تربیتی کیمپوں پر بمباری کی تھی جس میں متعدد جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی تھیں جبکہ اسلحے کے ذخائر اور کئی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی تھیں۔فضائی حملے کے بعد جنگجو جانیں بچانے کیلئے جنگلات میں ہی روپوش ہو گئے ۔ یاد رہے کہ انہی جنگلات سے درجنوں مغوی طالبات فرار ہونے میں کامیاب ہوئی تھیں۔بوکوحرام نے دو سو سے زائد طالبات کو اغوا کر کے جنگلات میں ایک ٹھکانے پر رکھا تھا جن میں سے درجنوں طالبات بھاگنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز