ہفتہ, مئی 18, 2024
ہومخبریںپاکستان بلوچستان کو بطور فائرنگ رینج استعمال کر رہا ہے:بی ایس او...

پاکستان بلوچستان کو بطور فائرنگ رینج استعمال کر رہا ہے:بی ایس او آزاد

کوئٹہ ( ھمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کی جانب سے 28مئی یومِ آسروخ کی مناسبت سے ایک ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی رہنماء اور کارکنوں نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے 28مئی کے ایٹمی دھماکوں کے حوالے سے کہا کہ پاکستان شروع دن سے بلوچ سرزمین کو بطور فائرنگ رینج استعمال کررہی ہے۔28مئی1998کے ایٹمی دھماکوں نے بلوچستان کے علاقے چاغی و گرد ونواح میں تباہی مچا دی، اُس تباہی کے اثرات آج بھی وہاں پر واضح ہیں۔ دھماکوں کے اثرات شدید موسمی تبدیلی کا باعث بنے ہیں ، چاغی، نوشکی خاران اور گرد و نواح میں اُن دھماکوں کے بعد سے موسم انتہائی گرم اور بارشیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کے علاوہ لوگوں میں کینسر اور معزوری کی بیماریاں عام ہیں۔ نومولود بچوں میں مختلف قسم کی خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں لیکن اس حوالے پاکستان کی عالمی تنظیم کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج کی اسلحہ کمپنیاں اپنے اسلحہ کی ٹیسٹ کے لئے ہمیشہ بلوچستان کا انتخاب کرتے آئے ہیں۔ چھوٹے پیمانے پر بننے والی میزائلوں سے لیکر ایٹمی ہتھیاروں تک کو بلوچ سرزمین کے سینے پر آزمایا گیا۔ لسبیلہ اور اورماڑہ میں آئے روز ایسے واقعات پیش آتے ہیں کہ فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل اور مارٹر شیل آبادی کے قریب گرتے ہیں، لیکن میڈیا میں ایسی باتیں سختی سے چھپائی جارہی ہیں۔ حبکو پاور پلانٹ جیسی تباہ کن فیکٹریوں کے لئے بھی بلوچستان کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ ان سے نکلنے والے مضر صحت گیسوں سے بلوچوں میں بیماریاں پھیل جائیں لیکن ان کمپنیوں سے حاصل ہونے والے منافع اور بجلی براہ راست پنجاب کو پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض ریاست اپنے ان اقدامات سے اس بات کو دہرا رہی ہے کہ قابض اور مقبوضہ کے درمیان برابری کے کوئی رشتے موجود نہیں ہیں۔ بلوچستان کی قیمتی معدنیات، جغرافیائی اہمیت اور ساحلِ سمندر قابض کے لئے قیمتی ہے لیکن بلوچ عوام کی جان اور زندگیوں کی کوئی وقعت نہیں۔ معدنی وسائل سے مالا مال بلوچستان پاکستان کی معیشت کو ہر حوالے سے سہارا دے رہی ہے لیکن بلوچستان کی اکثریتی آبادی غربت کی زندگی گزار رہی ہے۔ بنیادی ضروریاتِ زندگی، تعلیم اور روزگار کے مواقع جان بوجھ کر بند کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تباہ کن ہتھیاروں کے اثرات اور بلوچستان سے غربت، ناخواندگی کو ختم کرنے کے لئے ضروری ہیکہ بلوچ عوام اپنی آزادی کی جدوجہد کا حصہ بن جائے، کیوں کہ آزادی حاصل کیے بغیر بلوچ عوام اپنی حالت نہیں بدل سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز