واشنگٹن(ہمگام نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی بعض اشیا پر عائد کیے جانے والے 50 فیصد نئے ٹیرف کو تین روز کے لیے مؤخر کردیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے وسیع تر تجارتی معاہدے کے قریب پہنچنے کا عندیہ دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے یہ فیصلہ مقررہ ڈیڈ لائن سے چند گھنٹے قبل کیا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اور کینیڈا کے درمیان معاہدہ طے پانے کے قریب ہے، تاہم کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی کچھ اہم معاملات پر کام باقی ہے۔

نئے امریکی ٹیرف کا اطلاق کینیڈا کی بعض مصنوعات پر ہونا تھا، جن میں شراب، ہاکی اسٹکس اور سیمنٹ سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ ان محصولات کا تعلق کینیڈا کی امریکا کو ہونے والی برآمدات کے ایک محدود حصے سے ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ممکنہ تجارتی معاہدے میں امریکی مصنوعات کے لیے کینیڈین مارکیٹ تک وسیع رسائی، اقتصادی تحفظ سے متعلق اقدامات اور ڈیجیٹل تجارت کے معاملات شامل ہوسکتے ہیں۔

کینیڈا اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات کئی ہفتوں سے جاری ہیں۔ کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات کو مارکیٹ تک بہتر رسائی دینے سمیت مختلف رعایتیں پیش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ٹرمپ نے اس موقع پر متنازع کی اسٹون ایکس ایل پائپ لائن منصوبے کو دوبارہ زندہ کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہ

یں آئیں۔