ایرانشہر( ہمگام نیوز) گزشتہ روز 17 ایرانشہر سے دلگان جانے والی شاہراہ پر چہ شور کے دو راہے کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی براہِ راست فائرنگ سے ایک بلوچ شہری جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیر 17 اگست 2026 کو پیش آیا، جب مذکورہ بلوچ شہری ایرانشہر سے دلگان کی جانب پیکان پک اپ گاڑی میں کھجوروں کی کھیپ لے کر جا رہا تھا۔ چہ شور کے دو راہے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے اور شدید خون بہہ جانے کے باعث شہری کو طبی مرکز منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق شہری کی شناخت تقریباً 40 سالہ یحییٰ محب زہی (دامنی) ولد برکت کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ شادی شدہ اور تین بچوں کا والد تھا۔ یحییٰ کا تعلق ایرانشہر سے تھا اور وہ ایرانشہر کے علاقے میں واقع شہردراز گاؤں میں رہائش پذیر تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یحییٰ سفر کے دوران بسیج کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے پاس رکھتا تھا۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد مبینہ طور پر اس کا اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے اور موقع سے فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مرتب کیے جانے تک نامعلوم مسلح افراد کی شناخت اور فائرنگ کے محرکات کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی تھیں۔















