ایمسٹرڈیم ( ہمگام نیوز ) لندن کے بعد بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کی جانب سے نیدرلینڈز میں بھی سوراب، بلوچستان میں شہری آبادی پر پاکستانی فضائیہ کی مبینہ بمباری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بی این ایم نے 19 اگست کو ایمسٹرڈیم میں احتجاج اور مارچ کا اعلان کیا تھا، جو ایمسٹرڈیم سینٹرل سے ڈیم اسکوائر تک منعقد کیا گیا۔ تنظیم کے مطابق مظاہرے کا مقصد سوراب میں شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنا تھا۔

بی این ایم کا کہنا ہے کہ سوراب کے علاقے گدر میں پاکستانی فضائیہ کی بمباری میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ تنظیم نے اس کارروائی کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سوراب میں بمباری کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتالیں کی گئی تھیں، جبکہ واقعے میں شہری ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف رپورٹس سامنے آئی ہیں۔